بھٹکل:9؍جولائی (ایس اؤ نیوز) سال ِ رواں کے موسم ِ باراں میں پہلی مرتبہ مانسون اپنی رفتار پر نظر آرہاہے۔ منگل کو پورا دن موسلا دھار بارش نے نہ صرف زمین کو گیلا کرنے کے ساتھ ساتھ پرانے بارش والے بھٹکل کی یاد تازہ کی۔
صبح سے ہی جاری تیز رفتار ہواؤں کے ساتھ زوروں کی بارش کی وجہ سے عوام گھروں سے نکلنے میں پس وپیش کرتے رہے۔ راستے ندی نالوں میں تبدیل ہوگئے ، سڑکوں کے گڑھوں میں پانی بھر نے سے تالاب نما ہوگئے تھے۔ تعلقہ کے بعض علاقوں میں اندرونی نالیاں بھر پور بہنے لگیں تو راستوں پر جل تھل ہوگیا۔ ٹرافک نظام متاثر ہوا۔ بھٹکل بس اسٹانڈ کے دونوں گیٹ پر موجود بڑے بڑے گڑھوں میں پانی جمع ہونے سے پیدل راہ گیروں اور بسوں کے آنے جانے میں دشواری دیکھی گئی ۔ اسکولی بچوں کو بھی زوردار بارش سے آنے جانےمیں کافی تکلیف ہوئی ۔ باہری جگہوں پر کام کرنےو الے مزدور اپنے گھروں سے نکل نہیں پائے۔ تعلقہ کی دو اہم کڈوین کٹا اور شرابی ندیوں میں زندگی دوبارہ لوٹ آئی ہے۔ چوتھنی کی ندی بھی پہلی مرتبہ بھرپور بہنے کے امکانات ہونے سے کنارے کے مکینوں کو منتقلی کی ہدایات جاری کی گئی ہیں۔ بارش کی قلت سے پریشان حال کسانوں نے راحت کی سانس لی ہے۔ سمندر تھوڑا سرکش ہونے سے ماہی گیر بھی پانی میں اترنے سے کترا رہے ہیں۔ منگل کی بارش کے پیمانے کو شامل کیا جائے تو تعلقہ میں بارش کا پیمانہ 1000ملی میٹر سے زائد ہونے کی امید ہے۔ 
باہر زوردار بارش ہونے سے ماحول ٹھنڈا تھا تو گھر میں بیٹھے عوام کرکٹ اور ریاستی سیاست کی گرم گرم خبروں سے واقفیت حاصل کرنے میں دن گزارا۔ ایک طرف بھارت سیمی فائنل سے فائنل میں داخل ہونے کی تو دوسری ریاستی مخلوط حکومت برقرار رہے گی یا گرجائے گی جیسی بحث میں گرمی محسوس کررہے تھے۔